ممبئی 30/اکتوبر (ایس او نیوز) : ممبئی میں پھیری والوں نے راج ٹھاکرے کے خلاف جنگ کا اعلان کردیا ہے ۔ راج ٹھاکرے کی پارٹی ایم این ایس کے مظالم سے تنگ آکر پھیری والوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ ایک ساتھ مل کر راج ٹھاکرے کی غنڈہ گری کا سامنا کریں گے ۔ جس کی پہلی مثال گزشتہ روز ممبئی کے ملاڈ علاقہ میں اس وقت دیکھنے کو ملی جب احتجاج میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کررہے ایم این ایس کے پانچ کارکنوں کی پھیری والوں نے جم کر پٹائی کردی ۔
گزشتہ کئی سالوں سے ممبئی کی سڑکوں پر دکان لگانے والے پھیری والوں نے ایم این ایس کی غنڈہ گردی سے تنگ آکر اب راج ٹھاکرے کے خلاف آر پار کی لڑائی لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسی سلسلہ میں گزشتہ روز ممبئی میں پھیری والوں کی ایک مہا سبھا کا انعقاد کیا گیا ، جس میں ایک ساتھ مل کر راج کا مقابلہ کرنے کے فیصلہ کا اعلان کیا گیا ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مہا سبھا میں کانگریس رہنماسنجے نروپم نے خطاب کرتے ہوئے راج ٹھاکرے کی ایم این ایس کی غنڈہ گردی کیلئے وزیر اعلی فرنویس اور ریاستی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ۔ ادھر راج ٹھاکرے نے ایک مرتبہ پھر شمالی ہندوستانیوں کو نشانے پر لیا ہے۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ چٹھ کے موقع پر جتنی بھیڑ ممبئی اور آس پاس کے علاقوں میں دیکھنے کو ملتی ہے ، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یوپی اور بہار کے لوگ ممبئی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق الفنسٹن برج حادثہ کے بعد سے ہی راج ٹھاکرے کی ایم این ایس پر ممبئی میں کہرام مچا نے کا الزام ہے ۔ پھیری والوں کا کہنا ہے کہ ریلوے اسٹیشن کے احاطہ میں پھیری والوں کی جم کر پٹائی کی جارہی ہے ۔جس کو دیکھتے ہوئے پھیری والوں نے صاف کردیا ہے کہ اگر انہیں سیکورٹی نہیں دی جائے گی تو وہ خود اپنی حفاظت کیلئے راج کے غنڈوں سے مقابلہ کریں گے ۔ ادھر انتظامیہ نے ممکنہ ٹکراو کے پیش نظر پولیس اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ممبئی کے ایک ذرائع کے مطابق واقعے میں کانگریس رہنما سنجے نروپم اور سات دیگر پھیری والوں کے خلاف پولس نے مختلف دفعات کے تحت معاملات درج کرلئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پھیری والوں پر اقدام قتل کے معاملات درج کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سنیچر کو دوپہر جب پھیری والے احتجاجیوں سے سنجے نروپم خطاب کررہے تھے تو ایم این ایس کے کارکنوں نے اُنہیں وہاں سے ہٹانے کی کوشش کی، جس کے دوران دونوں گروپوں کے درمیان جھڑپ شروع ہوگئی۔ جھڑپ میں ایم این ایس کے چھ کارکنوں کی بری طرح پیٹائی کی گئی جس کو دیکھتے ہوئے معاملات درج کئے گئے ہیں۔